Uncategorized

20 نومبر 2026 By admin 12 views

شال کیسکو انٹرویوز کے لیے ہزاروں بے روزگار نوجوان پہنچ گئے، پولیس کا امیدواروں پر لاٹھی چارج

مقبوضہ بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے ہزاروں نوجوانوں کی شال آمد کے باعث کیسکو کے واک اِن انٹرویوز کے موقع پر شدید بدنظمی اور رش کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ انٹرویوز کے لیے آنے والے امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے جناح پیپلز ٹرین روک دی، جبکہ پولیس اور دیگر فورسز اہلکاروں کی جانب سے امیدواروں پر لاٹھی چارج کیا گیا ۔

کیسکو (کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی) کی مشتہر کردہ آسامیوں کے لیے 20 نومبر کو کوئٹہ میں واک اِن انٹرویوز کا انعقاد بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS)، بلیلی روڈ میں کیا گیا تھا۔ انٹرویوز کے لیے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں امیدوار کوئٹہ پہنچے، جس کے باعث بیوٹمز یونیورسٹی کے سامنے ہزاروں نوجوان جمع ہوگئے۔ امیدواروں کی بڑی تعداد کے باعث ایئرپورٹ روڈ، گرینڈ کباز سے بلیلی تک ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق امیدواروں کے احتجاج کے دوران جناح پیپلز ٹرین کو بھی بیوٹمز یونیورسٹی کے سامنے روک دیا گیا، جس سے ریل سروس متاثر ہوئی۔ دوسری جانب امیدواروں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

امیدواروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے نوجوان بھاری سفری اخراجات برداشت کرکے کوئٹہ پہنچے، لیکن انٹرویوز کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امیدواروں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب صوبے کے مختلف اضلاع میں بھرتیوں کا عمل جاری تھا تو دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو ایک ہی مقام پر جمع کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

متاثرہ امیدواروں اور شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نوشکی، سبی، کچھی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، جعفرآباد اور صحبت پور سمیت دیگر اضلاع کے امیدواروں کے لیے ڈویژنل سطح پر انٹرویو مراکز قائم کیے جائیں اور الگ الگ تاریخیں مقرر کی جائیں تاکہ نوجوانوں کو غیر ضروری سفری اخراجات اور مشکلات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے واقعے کی تحقیقات، لاٹھی چارج کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ و شفافیت یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

بلوچستان میں بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح کے تناظر میں سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے محدود مواقع پہلے ہی ایک سنگین مسئلہ ہیں۔ ایسے حالات میں بھرتیوں کے عمل کے دوران انتظامی بدنظمی اور امیدواروں کو درپیش مشکلات نوجوانوں کی مایوسی میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔

امیدواروں کا آخر میں کہنا تھا کہ اگر حکومت نے انہیں روزگار فراہم نہیں کرنا تو کم از کم اپنے حقوق کے حصول کے لیے آنے والے نوجوانوں پر تشدد سے گریز کیا جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے اور بھرتیوں کا عمل منظم، شفاف اور آسان بنایا جائے۔

admin

Written by admin