خبریں

زاہدان حملہ: پاکستان ایران مفاہمت کے بعد ہوا

27 نومبر، 2026از Administrator
زاہدان حملہ: پاکستان ایران مفاہمت کے بعد ہوا

تحریر رزاق سربازی

زاہدان میں مبینہ بی ایل اے ارکان کیخلاف آپریشن کو، مصدقہ اطلاعات کی عدم دستیابی کے باعث، پاکستان و ایران کے درمیان “ مفروضہ مفاہمت” کا نتیجہ قیاس کیا جارہا ہے۔ جس گھر پر حملے میں ہلاکتوں کی خبر سامنے آئی، اطلاعات کے مطابق، وہ شہر کی حدود میں واقع تھا۔

زاہدان، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، بلوچوں کے درمیان، اپنی قدیم شہرت “ دُزآپ“ کے نام سے مقبول ہے۔ یہ شہر رواں سالوں “ خونی جمعہ “ کے تذکروں کے ہمراہ علاقائی و عالمی خبروں کی فہرست میں بارہا سامنے آتا رہا۔

مغربی بلوچستان کے حالات پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس اور اداروں کے مطابق زاہدان شہر کے رہائشی علاقوں میں واقع گھر پر اس انداز میں حملہ معمولی واقعہ نہیں۔

رپورٹس کے مطابق “ اس آپریشن کے متعلق قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کے بعد کیا گیا ہے۔ “

سیکیورٹی امور پر خطہ کے دو ملکوں کے درمیان ، “ مبینہ بی ایل اے ارکان کیخلاف” مشترکہ مفاہمت کا نتیجہ خیز آپریشن،اس دعوے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے، نہ مصدقہ خبریں دستیاب ہیں۔ کیا پیش آیا ہوگا؟ یہ سنسنی خیز سوال ہے بہرحال اس خبر کی شاید وقت ہی گواہی دے۔ علاوہ از این، ادھر مصدقہ ذرائع کی غیر موجودگی کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد کا تعین بھی مشکل رہا ہے۔

ہلاک شدگان کی تعداد کے بارے میں اطلاعات متضاد ہیں، جو چھ سے گیارہ بتائی جاتی ہیں۔

ایران میں، امریکہ و اسرائیل کیساتھ جنگوں کے نتیجے میں فارسی زبان بڑے شہر اگرچہ قدرے قابو میں ہیں جبکہ بلوچستان، کردستان، عرب منطقہ خوزستان و دیگر دور دراز اور غیر فارس علاقوں میں امن و امان کی صورتحال زوال کے قریب تر ہے۔ حکومتی رٹ کمزور پڑنے پر ہر جانب سے ، خانہ جنگی اور کشت و خون کے خدشات کا راستہ وسیع چکا ہے۔

یہ ابتر حالات ناقابلِ قیاس و گُمان واقعات کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں۔

درحالیکہ بلوچستان میں بلوچ مسلح سُنی گروہ، افغان شیعہ مسلح گروہ فاطمیون و زینیون جو حکومت کی حامی ہیں اور سرکاری فورسز بیک وقت سرگرم ہیں۔ رواں سال ان گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یورو نیوز کے مطابق، سراوان میں چند ہفتے قبل سرکاری فورسز کیساتھ جھڑپ کے دوران، جو نو گھنٹوں جاری رہی، بلوچ مسلح گروہوں نے مل کر مقابلہ کیا جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ ماضی کے مقابلے میں آپرینشنز کرنے کیلئے زیادہ صلاحیت کے حامل ہیں۔

زاہدان کا ہلاکت خیز واقعہ، جو منگل کے روز پیش آیا، اگرچہ سوشل میڈیا پر خبروں میں رہا البتہ مغربی بلوچستان میں یہ پیش آمدہ پہلا ہولناک واقعہ نہیں، سلسلہ وار حملوں کے واقعات کی تازہ ترین کڑی ہے۔ زنگیان سراوان میں بھی گزشتہ جمعہ کے روز قاتلانہ حملے میں دو افراد کی ہلاکت اور بلوچ گلوکار منہاج مختار کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

تین سال قبل ، اگست 2023 میں مغربی بلوچستان کے شہر ایرانشہر سے حانی گُل ، جو بلوچ ایکٹیوسٹ تھی، اور ان کے شوہر سمیر کو اغواء کیا جاتا ہے۔ بعد از آں، وہ بے دردی سے زدوکوب کئے جاتے ہیں، ان کی تشدد کا شکار، لاشیں سراوان سے ملتی ہیں۔ سمیر کے ایک بھائی رؤف بلوچ کو ، پانچ اگست، 2023 کے سال تربت میں توہین مذہب کے الزام پر قتل کردیا گیا تھا۔

ایک ہی مہینے، ایک ہی خاندان کے، ایک خاتون سمیت تین افراد قتل ہوئے۔ حانی گل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ قتل کے وقت حاملہ تھی۔

ایک سال بعد ، جولائی 2024 کو ایران کے شہر کرمان سے بزرگ بلوچ رہنما واحد کمبر گمشدگی کا شکار بنا تھا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

مغربی بلوچستان ، اطلاعات کے مطابق ، کسی ریڈ زون کا منظر پیش کرتا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے جابجا حفاظتی انتظامات سے پورے علاقے کا محاصرے میں محصور ہونے کا سماں ہوتا ہے جبکہ شام میں اسد حکومت کے خاتمہ پر ایران واپس لوٹنے والی مسلح شیعہ فورسز فاطمیون و زینبیون کے اہلکاروں نے شہری علاقوں میں گشت شروع اور مخصوص پہاڑی زونز کو اپنے دائرہ حفاظت میں شامل کرلیا ہے، جہاں عام لوگوں کی آمدورفت کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

مغربی بلوچستان کے رہنما مولوی عبدالحمید اسماعیل زئی، جو زاہدان کے امام جمعہ بھی ہیں، نے فاطمیون و زینبیون کی تعیناتی پر تنقید کی ہے۔ “ امن و امان کے قیام کیلئے ، مولوی عبدالحمید کا کہنا تھا کہ “ مقامی لوگوں پر اعتماد کیا اور انہیں شریک کیا جائے۔”